پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 تک ذمہ داری پر برقرار رکھنے کا فیصلہ تقریباً طے پا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ، یکجہتی اور مثبت ماحول نے حکام کو متاثر کیا ہے، اس لیے قیادت میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں دیکھا جا رہا۔
ٹیم تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا کے دور میں پلیئرز متحد ہو کر بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں، جبکہ ماضی میں ایسی ہم آہنگی نظر نہیں آتی تھی۔
سری لنکا کے دورے کے لیے آل راؤنڈر شاداب خان کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ میں مصروف ہیں جبکہ بگ بیش لیگ کے دوران ان کی میچ فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں فروری اور مارچ میں شیڈول ہے۔
سلمان علی آغا نے بطور کپتان 40 میں سے 38 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں ٹیم نے 23 فتوحات حاصل کیں۔ وہ پاکستان کے تیسرے کامیاب ترین کپتان بن چکے ہیں، جبکہ حال ہی میں سہ ملکی سیریز بھی انہی کی قیادت میں جیتی گئی۔
بطور بیٹر ان کی کارکردگی پر کبھی کبھار سوالات اٹھتے رہے ہیں، تاہم سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ایونٹ میں انہوں نے 63 رنز کی قیمتی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
شاداب نے لندن میں کندھے کی سرجری کرائی تھی اور اب مکمل صحت یابی کے بعد ٹریننگ کر رہے ہیں۔ وہ آخری بار جون میں بنگلادیش کے خلاف ایکشن میں نظر آئے تھے۔
بگ بیش میں ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سری لنکا کے خلاف ممکنہ سیریز کے لیے ان کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ منتخب کھلاڑیوں کی آسٹریلیا روانگی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos