یونان: یونانی کوسٹ گارڈ نے جزیرہ کریٹ کے قریب سمندر میں پھنسے 131 غیر قانونی تارکینِ وطن کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ ریسکیو جزیرہ گاوڈوس کے جنوب میں تقریباً 14 ناٹیکل میل کے فاصلے پر کی گئی، اور تمام افراد کو محفوظ طریقے سے گاوڈوس منتقل کر دیا گیا۔ فوری طور پر ان کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ پانچ روز کے دوران اس علاقے میں سمندر سے نکالے جانے والے تارکینِ وطن کی مجموعی تعداد 840 ہو گئی ہے۔ مشرقی بحیرہ روم کا یہ راستہ انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے، جہاں لوگ بڑی تعداد میں لیبیا سے یونان کے جزیرے کریٹ تک سمندری سفر کی کوشش کرتے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں کریٹ کے قریب ایک کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں زیادہ تر سوڈانی اور مصری شہری شامل تھے، جبکہ 15 افراد لاپتا ہو گئے اور صرف دو زندہ بچ سکے تھے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک 16,770 سے زائد تارکینِ وطن جزیرہ کریٹ پہنچ چکے ہیں۔
یونان کی حکومت نے جولائی میں لیبیا سے آنے والے تارکینِ وطن کی پناہ کی درخواستوں پر تین ماہ کے لیے عملدرآمد معطل کر دیا تھا، جسے حکام نے ناگزیر قرار دیا۔
اسی دوران، انڈونیشیا میں خراب موسم کے باعث ایک سیاحتی کشتی ڈوب گئی، جس میں سوار ایک ہسپانوی خاندان کے چار افراد تاحال لاپتا ہیں۔ حکام کے مطابق کشتی میں سوار 11 افراد میں سے سات کو بچا لیا گیا، تاہم تیز لہروں کی وجہ سے سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos