لبنان،اسرائیلی فضائی حملے،سینئر حزب اللہ رہنما سمیت 12 افراد جاں بحق
February 21, 2026 · بام دنیا
بیروت:جمعہ کے روز مشرقی اور جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں ایک سینئر حزب اللہ رہنما سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حزب اللہ اور اس کے فلسطینی اتحادی حماس کو نشانہ بنایا۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں مشرقی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں اپنے ایک رہنما کی شہادت کی تصدیق کی گئی، جس کی شناخت محمد ياغی صادق کے نام سے کی گئی ہے۔
لبنانی وزارت صحت نے بتایا کہ وادی بیکا میں متعدد مقامات پر حملوں کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 24 دیگر زخمی ہوئے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ حملے ملک کے سب سے بڑے فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر کیے گئے حملوں کے چند گھنٹے بعد ہوئے تھے، جس میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ٹیگز: