امریکا میں شدید برفانی طوفان کا خطرہ،لاکھوں افراد الرٹ،ہزاروں پروازیں منسوخ

February 23, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
امریکا میں شدید برفانی طوفان کا خطرہ،لاکھوں افراد الرٹ،ہزاروں پروازیں منسوخ

واشنگٹن: شمال مشرقی امریکا میں ایک طاقتور برفانی طوفان کے باعث لاکھوں افراد کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بم سائیکلون کی شدت سے I-95 کوریڈور کے مختلف علاقوں میں 18 سے 24 انچ تک برف باری متوقع ہے جبکہ تیز ہوائیں 70 میل فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شدید طوفان سے دو کروڑ سے زائد افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

طوفان کے باعث فضائی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اب تک 6 ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ جبکہ سینکڑوں تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں، مجموعی طور پر تقریباً 7 ہزار پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ زیادہ متاثر ہونے والے ہوائی اڈوں میں جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لوگان انٹرنیشنل ایئرپورٹ، نیوآرک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، فلاڈیلفیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، بالٹیمور واشنگٹن انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق چھ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ نیویارک، بوسٹن اور فلاڈیلفیا میں 18 سے 24 انچ تک برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ واشنگٹن ڈی سی اور بالٹیمور میں 5 سے 8 انچ برف متوقع ہے۔ نیو جرسی کے ساحلی علاقوں میں دو فٹ سے زائد برف پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

طوفان سے متاثرہ ساحلی پٹی تقریباً 600 میل تک پھیلی ہوئی ہے اور 29 ملین سے زائد افراد شدید موسمی وارننگ کے دائرے میں ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ طوفان خطے میں معمولات زندگی کو شدید متاثر کر سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔