بھارت نے اپنے شہریوں کو فوری ایران چھوڑنے کی ہدایت کردی

February 23, 2026 · |, اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

 تہران:تہران میں بھارتی سفارتخانے نے آج ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ایران میں موجود انڈین شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 سفارتخانے کے مطابق یہ ہدایت پانچ جنوری اور 14 جنوری کو ملک میں جاری مظاہروں کے دوران کی جانے والی ہدایات کا تسلسل ہے۔

 نئی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تازہ صورتحال کے پیشِ نظر طلبا، زائرین، کاروباری افراد اور سیاحوں کو کہا گیا ہے کہ وہ دستیاب ذرائع، بشمول کمرشل پروازوں کے ذریعے ایران سے روانہ ہو جائیں۔

 ایڈوائزری میں بھارتی شہریوں اور اوورسیز انڈینز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، احتجاج یا مظاہروں والے علاقوں سے دور رہیں، مقامی میڈیا پر نظر رکھیں اور مسلسل انڈین سفارتخانے سے رابطے میں رہیں۔

 ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام بھارتی شہری اپنے سفری اور امیگریشن دستاویزات، جیسے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ، ہر وقت اپنے پاس رکھیں۔ کسی بھی مشکل کی صورت میں وہ سفارتخانے سے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

سفارتخانے نے ہنگامی رابطہ نمبرز اور ای میل بھی فراہم کیے ہیں تاکہ شہری فوری طور پر مدد حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ جن بھارتی شہریوں نے ابھی تک سفارتخانے میں رجسٹریشن نہیں کرائی، انھیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن لنک کے ذریعے رجسٹریشن کریں۔

اگر ایران میں انٹرنیٹ مسائل کی وجہ سے رجسٹریشن ممکن نہ ہو تو انڈیا میں موجود ان کے اہلِ خانہ یہ عمل مکمل کر سکتے ہیں۔