حماس کو نکلنے کے لیے الٹی میٹم دیں گے اور غزہ پر قبضہ کریں گے ، اسرائیلی وزیر

February 23, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

تل ابیب: اسرائیلی وزیرِ خزانہ بتسلئيل سموٹرچ نے غزہ کی پٹی پر قبضے کی اپنی دھمکیاں دہرائی ہیں۔ دائیں بازو کے انتہا پسند وزیر نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل جلد ہی حماس تنظیم کو ایک الٹی میٹم دے گا تاکہ اس کے قائدین غزہ کی پٹی سے نکل جائیں، اور اسلحہ، ہیڈ کوارٹرز اور سرنگیں حوالے کر دیں۔

انہوں نے مزید کہا “اگر حماس تنظیم نے ایسا نہ کیا، تو ہمیں خود کارروائی کرنے کا جواز مل جائے گا”۔

اس کے علاوہ سموٹڑچ نے اشارہ کیا کہ “اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حماس تنظیم کو ختم کرنے میں کامیاب نہ ہوئے، تو اسرائیلی فوج کو ایسا کرنے کے لیے بین الاقوامی جواز اور امریکی حمایت حاصل ہو جائے گی”۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل”حماس تنظیم کو تباہ کرنے کے ہدف سے دست بردار نہیں ہوا، بلکہ اس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے طریقے سے ایسا کرنے کا موقع دیا ہے”۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ “اسرائیلی فوج پہلے ہی ضروری منصوبے تیار کرنے پر کام کر رہی ہے”، انہوں نے مزید کہا کہ “آخر کار ہم غزہ پر قبضہ کر لیں گے اور وہاں یہودی بستی قائم کریں گے”۔

سموٹرچ نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ سے فلسطینیوں کی “ہجرت کی حوصلہ افزائی” کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنے کی کوشش پر زور دیا۔