ٹی20 ورلڈکپ: بھارت نے زمبابوے کو شکست دیدی

February 26, 2026 · |, اسپورٹس
فائل فوٹو

چنئی: ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت نے زمبابوے کو بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدیں برقرار رکھی ہوئی ہے۔ 

چنئی میں کھیلے جانے والے سپر ایٹ گروپ 1 کے اہم ترین میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 256 رنز بنائے۔

بھارت کے تمام بیٹرز نے برق رفتاری کے ساتھ رنز بٹورے۔ ابھیشک شرما نے 55، ہاردیک پانڈیا نے 50 رنز ناٹ آؤٹ، تلک ورما نے 44 رنز ناٹ آؤٹ، ایشان کشن نے 38، کپتان سوریا کمار یادیو نے 33 اور سنجو سیمسن نے 24 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے کپتان سکندر رضا، ماپوسا، موزاربانی اور اینگوارا نے ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب زمبابوے کی بیٹنگ لائن پہاڑ جیسے ہدف تلے دب گئی۔ تاہم زمبابوے کے اوپننگ بلے باز برائن بینیٹ نے کسی بھارتی بولر کو خاطر میں لائے بغیر 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

سکندر رضا نے 31 جبکہ مرومانی نے 20 رنز بنائے۔ بھارت کے ارشدیپ سنگھ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شوم ڈوبے، اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے ایک ایک وکٹ لی۔ ہاردیک پانڈیا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہیں، اس کا اگلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے، اس میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلے گی۔