لائیو ایران پر امریکہ و اسرائیل کی جنگ 7 ویں روز میں داخل

ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان جنگ کی لائیو اپ ڈیٹس

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اہم نکات

  • ایران سے اسرائیل اور امریکہ کی جنگ کا جمعہ کو ساتواں روز ہے۔
  • جمعرات کو بظاہر ایرانی حملوں میں تیزی دیکھی گئی۔ ایران نے اسرائیل کی طرف میزائل داغے۔ تاہم آذربائیجان ایئرپورٹ پر ڈرون حملے سے اس نے لاتعلقی ظاہر کی
  • ایران نے خلیجی ممالک میں تیل کی تنصیبات اور ابادی کو نشانہ بنانے سے بھی انکار کیا اور دعوی کیا کہ یہ کام اسرائیلی ایجنٹوں کا ہے۔
  • جنگ کی پچھلے چھ دن کی اپ ڈیٹس آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک اہم بیان سامنے ایا۔ انہوں نے مجتبیٰ خامنہ ای کو بطور ایرانی سپریم لیڈر قبول کرنے سے انکار کیا۔

Friday, 6 March 2026 – 06:51 #
مشرق وسطیٰ سے اپنے شہریوں کو لے کر برطانیہ کی پہلی لندن پہنچ گئی

برطانیہ کی حکومت کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ سے برطانوی شہریوں کو نکالنے کے لیے چارٹر کیا گیا پہلا طیارہ لندن سٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اُتر گیا ہے۔

برطانوی نشراتی ادارے کے مطابق یہ پرواز عمان کے دارالحکومت مسقط سے روانہ ہوئی تھی۔

Friday, 6 March 2026 – 06:48 #
بیروت میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جو اسرائیلی فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر انخلا کے احکامات کے بعد سامنے آئی ہیں۔

اسرائیلی دفاعی افواج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’افواج نے بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں میں حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے فضائی حملوں کی لہر کا آغاز کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اسرائیلی فوج کے مطابق جمعرات کی رات بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں پر حملے شروع کیے گئے۔ اس سے قبل آئی ڈی ایف نے لاکھوں افراد کو علاقے چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جو حزب اللہ کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

Friday, 6 March 2026 – 06:10 #
ایران کے 30 جہاز ڈبونے، حملے تیز کرنے کا امریکی اعلان 

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے پریس کانفرنس کی ہے جس میں کہا گیا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں حملوں کی شدت مزید بڑھائی جائے گی۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ “ایران کے اوپر فائر پاور میں ڈرامائی اضافہ ہونے والا ہے۔” ان کے مطابق امریکہ کے پاس وافر مقدار میں اسلحہ موجود ہے اور وہ ایران کے خلاف اپنی فوجی مہم کو طویل عرصے تک جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کے مطابق امریکی فضائیہ نے گزشتہ 72 گھنٹوں میں ایران کے تقریباً 200 اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ 30 سے زائد ایرانی بحری جہاز بھی ڈبو دیے گئے۔

انھوں نے کہا کہ “چند گھنٹے قبل ہم نے ایک ڈرون بردار بحری جہاز کو نشانہ بنایا، جس کا حجم دوسری عالمی جنگ کے طیارہ بردار جہاز جتنا تھا۔ جب ہم آپ سے بات کر رہے ہیں اس وقت اس میں آگ لگی ہوئی ہے۔”

پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ایران میں امریکی مشن “فیصلہ کُن انداز میں آگے بڑھ رہا ہے” اور تہران کی یہ امید کہ امریکہ حملے جاری نہیں رکھ سکے گا “غلط تاثر” ہے۔

Friday, 6 March 2026 – 06:09 #
سعودی عرب نے مشرقی خطے میں ایک ڈرون تباہ کردیا

سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی خطے میں ایک ڈرون تباہ کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سعودی وزارتِ دفاع نے یہ نہیں بتایا کہ یہ ڈرون کس علاقے میں تباہ کیا گیا ہے یا کسی کی طرف سے لانچ کیا گیا تھا۔

اب سے قبل سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کے ترجمان کی جانب سے پرنس سلطان ایئر بیس کی طرف لانچ کیے گئے تین میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا۔

Friday, 6 March 2026 – 06:08 #
ایران کے پاس فضائیہ نہیں رہی، ڈرون اور میزائل حملوں کی صلاحیت کو نشانہ بنا رہے ہیں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوج ایران کی ڈرون اور میزائل صلاحیتوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور یہ حملے “ہر گھنٹے” کیے جا رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ایسٹ روم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مشترکہ طور پر ایرانی اہداف کو مقررہ وقت سے “کافی پہلے” تباہ کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ اس موقع پر میجر لیگ سوکر کی چیمپیئن ٹیم انٹر میامی سے ملاقات کر رہے تھے۔

خطاب کے دوران ٹرمپ نے ایران کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کی فضائی طاقت اور فضائی دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا، “ان کے پاس اب کوئی فضائیہ نہیں رہی، ان کے پاس فضائی دفاع نہیں ہے۔ ان کے تمام طیارے ختم ہو چکے ہیں اور ان کا مواصلاتی نظام بھی تباہ ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ وہ ٹھیک ہی کر رہے ہیں۔”

ٹرمپ کے اس جملے پر ہال میں موجود کچھ افراد نے ہنسی اور تالیاں بھی بجائیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت کے ساتھ “47 سالہ خوفناک دور” رہا ہے اور ان کے بقول ایرانی عوام کو اس حکومت سے نقصان پہنچا ہے۔

ٹرمپ نے کہا، “ہمارے لوگ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔”

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جاری تنازع کے باوجود ان کے پاس تیل کی قیمتیں قابو میں رکھنے کا منصوبہ موجود ہے۔ ٹرمپ کے مطابق اس سے پہلے قیمتیں کم تھیں لیکن “مجھے یہ چھوٹا سا چکر لینا پڑا۔”

Friday, 6 March 2026 – 05:53 #
بحرین کے دو ہوٹلوں ایک رہائشی عمارت پر ایرانی میزائل حملہ

بحرین کے حکام نے کہا ہے کہ ایران نے اس کے دارالحکومت منامہ میں دو ہوٹلوں اور ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بحرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ حملوں سے عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یاد رہے رواں ہفتے ایران نے بحرین میں میزائلوں کے ذریعے امریکی بحریہ کے اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔

بریکنگ | Friday, 6 March 2026 – 05:41 #
سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر فائر 3 میزائل تباہ

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اس نے پرنس سلطان ایئر بیس کی طرف لانچ کیے گئے تین میزائلوں کو تباہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سعودی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کیے گئے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پرنس سلطان ایئربیس کی طرف لانچ کیے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کیا گیا ہے۔‘

وزارتِ دفاع کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ میزائل کب تباہ کیے گئے یا اور کس نے فائر کیے تھے۔

یہ ایئر بیس صوبہ ریاض کے شہر الخرج میں واقعہ ہے۔

خیال رہے تین مارچ کو سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ’ایرانی حملے‘ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’تمام بین الاقوامی روایات اور قوانین کی خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔

جمعرات کو سعودی عرب میں ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے ریاض میں امریکی سفارتخانے پر حملے کرنے کی تردید کی تھی۔

Friday, 6 March 2026 – 05:36 #
بحرین میں دو ہوٹلوں اور رہائشی عمارت پر حملے

بحرین نے کہا ہے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دارالحکومت منامہ میں دو ہوٹلوں اور ایک رہائشی عمارت پر ایران نے حملے کیے ہیں۔

ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔