امریکی فوج پر حملوں کے لیے روس ایران کو انٹیلیجنس فراہم کر رہا ہے، واشنگٹن پوسٹ

امریکی بحری جہازوں، طیاروں اور دیگر فوجی تنصیبات کی قطعی لوکیشن فراہم کی ، اخبار

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگتن: امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ روس، مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے ایران کو حساس انٹیلیجنس اور ہدف کی معلومات (Targeting Data) فراہم کر رہا ہے۔ اس اقدام سے خطے میں جاری کشیدگی میں ایک خطرناک نئے باب کا اضافہ ہو گیا ہے۔

امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ روس نے ایران کو خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی بحری جہازوں، طیاروں اور دیگر فوجی تنصیبات کی قطعی لوکیشن فراہم کی ہے۔

 یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ‘آپریشن ایپک فیوری’ کے تحت شدید فضائی مہم جاری ہے۔

 تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس، یوکرین جنگ کے دوران امریکہ پر دباؤ بڑھانے اور واشنگٹن کی توجہ بٹانے کے لیے ایران کو استعمال کر رہا ہے تاکہ امریکی وسائل مشرقِ وسطیٰ میں الجھے رہیں۔

پینٹاگون کے ترجمان نے تاحال اس رپورٹ پر براہِ راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے حالیہ پریس کانفرنس میں واضح کیا تھا کہ تہران کے جوابی حملوں میں امریکی جانوں کا نقصان ہوا ہے اور امریکہ اپنی حفاظت کے لیے ہر حد تک جائے گا۔