اسرائیلی فوج کا لبنان میں حزب اللہ کے 500 ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
لبنان میں اسرائیلی بمباری سے 217 افراد ہلاک اور 798 زخمی ہوئے ہیں ، لبنانی وزارتِ صحت
فوٹو سوشل میڈیا
تل ابیب ،بیروت:اسرائیلی دفاعی افواج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے لبنان میں حزب اللہ کے 500 سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں حزب اللہ کے 70 اہلکار مارے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائی حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر 70 راکٹ داغے جانے کے بعد کی گئی ہے۔
اسی حوالے سے لبنان کی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشیدگی کے بعد سے اب تک لبنان میں اسرائیلی بمباری سے 217 افراد ہلاک اور 798 زخمی ہوئے ہیں۔
حزب اللہ کی شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت
حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سرحد سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے تک علاقے خالی کر دیں۔ یہ بیان حزب اللہ نے ٹیلیگرام پلیٹ فارم پر عبرانی زبان میں جاری کیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں حزب اللہ نے کہا ہے کہ ’آپ کو خبردار کیا جاتا ہے کہ سرحد سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے تک علاقے خالی کر دیں۔‘
بیان کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ ان علاقوں میں فوج کی بڑی تعداد کو عینات کیا جا رہا ہے۔‘
یہ انتباہ اس کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے کہ جب اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے اسرائیلی افواج کی جانب سے ان علاقوں میں شدید فضائی حملے کیے گئے۔