پی ایس ایل 11: کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے ہرا دیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان اوپنر شامل حسین نے صرف 21 گیندوں پر نصف سنچری رائیگاں، حسن علی کے 4 شکار

               
March 27, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے دوسرے سنسنی خیز مقابلے میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز کے بالرز نے ہاری ہوئی بازی پلٹ کر اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلوا دی۔

182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دھواں دھار آغاز کیا۔ نوجوان اوپنر شامل حسین نے صرف 21 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا تھا۔ ایک وقت میں کوئٹہ کا اسکور بغیر کسی نقصان کے 75 رنز تھا اور وہ باآسانی جیت کی طرف بڑھ رہے تھے، لیکن کراچی کے اسپنرز نے کھیل کا پانسا پلٹ دیا۔

کراچی کنگز کے اسپنرز ایڈم زمپا، سلمان علی آغا اور معین علی نے مڈل اوورز میں نپی تلی بالنگ کی اور کوئٹہ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ میچ کا فیصلہ کن موڑ 19واں اوور تھا جب حسن علی نے تباہ کن بالنگ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر کوئٹہ کی جیت کی امیدیں ختم کر دیں۔ کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور کراچی نے 14 رنز سے میدان مار لیا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 167/7 رنزبنا سکی۔

قبل ازین پاکستان سپر لیگ سیزن الیون کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 182 رنز کا ہدف دے دیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20اوورز کی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے۔

کراچی کنگز کی جانب سے انگلش آل راؤنڈر معین علی نے 29 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 48 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، کپتان ڈیوڈ وارنر نے 35 اور مرزا سعد بیگ نے 30 رنز کی اننگز کھیلیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احمد دانیال نے تین اور الزاری جوزف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔