جنوبی افریقہ بلے باز وین ڈر ڈوسن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

               
April 2, 2026 · اسپورٹس

 جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ریسی وین ڈر ڈوسن نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کیریئر پر جذباتی پیغام بھی شیئر کیا۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز وین ڈر ڈوسن نے اپنا انٹرنیشنل کیریئر 9 اکتوبر 2018 کو زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد وہ جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

اپنے کیریئر میں وین ڈر ڈوسن نے 57 ٹی ٹوئنٹی، 71 ون ڈے اور 18 ٹیسٹ میچز کھیل کر ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ 16 اگست 2025 کو آسٹریلیا کے خلاف رہا۔ وہ اپنی مستقل مزاجی اور اہم مواقع پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کے لیے جانے جاتے تھے۔

ان کے کیریئر کی ایک یادگار اننگ 2023 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف رہی، جہاں انہوں نے شاندار 133 رنز کی سنچری اسکور کی تھی، جسے شائقین طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔

وین ڈر ڈوسن کو پاکستان سپر لیگ میں بھی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے، جس نے انہیں بین الاقوامی سطح پر اور بھی مقبول بنایا۔