لائیو جنگ 34 واں دن: امریکی آرمی چیف فارغ، ایران کے شدید حملے

ایران جنگ پر لائیو اپ ڈیٹس

               
April 3, 2026 · Live

  • جمعرات کو جنگ 34ویں دن میں داخل ہو گئی ہے۔
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے حوالے سے ایک اہم فیصلے کا اعلان  کرنے والے ہیں۔
  • تہران پر فضائی حملے میں سابق وزیر خارجہ کمال خرازی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ، اہلیہ جاں بحق

 

Friday, 3 April 2026 – 13:08 #

 

کویت میں ایرانی حملہ۔ ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان

 

کویت نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز ایرانی حملے میں بجلی اور پانی صاف کرنے والے (ڈی سیلینیشن) پلانٹ کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق ہنگامی ٹیمیں متبادل منصوبوں کے تحت کام کر رہی ہیں تاکہ پلانٹ کی فعالیت برقرار رکھی جا سکے اور تنصیب کو محفوظ بنایا جا سکے۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 12:52 #

 

اسرائیل میں 24 گھنٹوں کے دوران 148 افراد زخمی

 

اسرائیل کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 148 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

وزارتِ صحت نے جمعہ کو بتایا کہ ایران پر حملوں کے آغاز (فروری کے آخر) سے اب تک مجموعی طور پر 6,594 افراد کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

حکام کے مطابق زخمیوں میں شہری اور سیکیورٹی اہلکار دونوں شامل ہیں، جبکہ جاری کشیدگی کے باعث طبی نظام پر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 12:31 #

 

جنوبی ایران میں ڈرون حملے سے ریڈ کریسنٹ کے گودام کو نقصان

 

ایرانی ریلیف تنظیم ریڈ کریسنٹ کے مطابق ایران کے صوبہ بوشہر میں ایک ڈرون حملے نے ان کے امدادی گودام کو نشانہ بنایا۔

صبح تقریباً پانچ بجے چغادک علاقے میں ہونے والے اس حملے میں دو امدادی کنٹینرز، دو بسیں اور ایمرجنسی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
کسی کے زخمی ہونے یا ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 12:23 #

 

ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔عرب امارات

 

 

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مُلک کو میزائل اور ڈرون حملوں کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے نئے میزائل اور ڈرون حملوں کی زد میں ہے۔

وزارت نے ایکس پر ایک پیغام میں لکھا کہ ’مُلک کا فضائی دفاعی نظام میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے اور انھیں تباہ کرنے میں مصروف ہیں۔‘

امارات کا کہنا ہے کہ ملک کے بعض حصوں میں سنائی دینے والی آوازیں انہی حملوں کو روکنے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 12:12 #

 

ایرانی پاسداران انقلاب کے بحری کمانڈر کی تدفین کردی گئی

 

 

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے نے آبادان شہر میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری کی تدفین کی تصاویر شائع کی ہیں۔

منگل کے روز بندرعباس شہر میں بھی ان کے لیے اسی نوعیت کی ایک تقریب منعقد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ 30 مارچ کو ایرانی پاسداران انقلاب نے باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اُن کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری ہلاک ہو گئے ہیں۔ تاہم اس سے چار روز قبل اسرائیل نے انھیں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 11:43 #

 

کویت کی آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ۔ متعدد آپریشنل یونٹس میں آگ بھڑک اُٹھی

 

 

کویت کے شہر ’احمدی‘ میں واقع کویت آئل کمپنی کے زیرِِ انتظام چلنے والی ایک آئل ریفائنری کو جمعہ کی صبح سویرے ایک ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ڈرون حملوں کے نتیجے میں اس ریفائنری کے کئی آپریشنل یونٹس میں آگ لگ گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں ریفائنری کے کسی بھی کارکُن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور ہنگامی کارروائیاں جاری ہیں اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر بھیج دی گئی ہیں۔

اس سے قبل ’میزائل اور ڈرون حملوں‘ کے حوالے سے کویت پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 11:29 #

 

ایران کی خلیجی توانائی اور ٹیلی کام کمپنیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

 

ایران کے فوجی ترجمان ابراہیم زلفغاری نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ ایرانی پاور پلانٹس پر حملوں کی دھمکیاں جاری رکھتا ہے تو تہران خلیجی خطے میں توانائی کے انفراسٹرکچر اور امریکی توانائی اور ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کو نشانہ بنائے گا۔

ایرانی فوجی حکام نے بار بار دھمکی دی ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی ہدف بنا سکتے ہیں۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 10:43 #

 

فلپائن کے جہازوں کو آبنائے ہرمز میں ’’محفوظ” گزرگاہ کی اجازت

 

 

فلپائن نے کہا ہے کہ اس کے جہازوں کو آبنائے ہرمز میں محفوظ گزرگاہ فراہم کی جائے گی۔ یہ منیلا حکومت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اور اس آبی راستے کے ذریعے شپنگ کی سرگرمیوں کا بھی ایک اشارہ ہے۔

فلپائن نے ایران کے ساتھ کچھ عرصے سے رابطے کے بعد مذاکرات کیے۔ منیلا چاہتا تھا کہ اسے “دوست” ملک کے طور پر شناخت دی جائے تاکہ وہ تیل کی ترسیل وصول کر سکے۔

وزیر خارجہ تھیریسا لازارو نے کہا کہ مذاکرات تعمیری اور مثبت رہے اور ان کے ایرانی ہم منصب نے وعدہ کیا کہ فلپائن کے جھنڈے والے جہاز، توانائی کی فراہمی اور عملہ “محفوظ، بلا رکاوٹ اور فوری گزرگاہ” حاصل کریں گے۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 10:29 #

 

ایران کا ایف 35 جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

 

 

ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کی فضائی حدود میں ایک ایف 35 جنگی طیارے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے ایک اعلان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایک ایف 35 جنگی طیارہ ’وسطی ایران کی فضاؤں میں‘ نشانہ بنائے جانے کے بعد ’گر کر تباہ‘ ہو گیا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس جنگی طیارے کو ’پاسدارانِ انقلاب کے جدید فضائی دفاعی نظام‘ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ ’طیارے پر حملے کے وقت اور گرنے کے دوران شدید دھماکے کے باعث اس بات کا امکان کم ہے کہ پائلٹ باہر نکلنے میں کامیاب ہوا ہو۔‘

امریکی اور اسرائیلی افواج کی قیادت کی جانب سے تاحال اس خبر پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے کل ایران کے اس دعوے کی تردید کی تھی جس میں قشم جزیرے کے قریب ایک جنگی طیارہ مار گرانے کا کہا گیا تھا۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 10:09 #

 

ایران کے پاس اب بھی بڑی تعداد میں میزائل موجود، سی این این نے ٹرمپ کا پول کھول دیا

 

 

امریکی دباؤ اور حملوں کے باوجود ایران کے پاس بڑی تعداد میں میزائل اور ڈرونز موجود ہیں، جس سے ٹرمپ کے دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں۔ سی این این نے ٹرمپ کا پول کھول دیا۔

امریکی خفیہ اطلاعات کے تازہ جائزوں کے مطابق پچھلے پانچ ہفتوں کے دوران امریکی اور اسرائیلی حملوں کے باوجود ایران کے میزائل لانچرز کا تقریباً نصف حصہ اب بھی فعال ہے اور ہزاروں ایک طرفہ حملہ آور ڈرونز ایران کے ہتھیاروں کے ذخیرے میں موجود ہیں، تین ذرائع جو ان معلومات سے واقف ہیں، نے سی این این کو بتایا۔
سی این این کے مطابق ایک ذریعے نے ایران کے حوالے سے کہا کہ وہ اب بھی پورے خطے میں مکمل تباہی مچانے کے لیے تیار ہیں۔

امریکی خفیہ جائزے میں ان لانچرز کو بھی شامل کیا گیا ہے جو اس وقت دستیاب نہیں ہیں، جیسے وہ لانچرز جو حملوں کے بعد زمین کے اندر دبائے گئے ہیں لیکن مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ایران کے ہزاروں ڈرونز اب بھی موجود ہیں، جو ملک کی ڈرون صلاحیت کا تقریباً 50 فیصد بنتے ہیں۔ تازہ معلومات سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ ایران کے ساحلی دفاعی کروز میزائلز کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

یہ میزائل ایران کو آبنائے ہرمز میں شپنگ ٹریفک کو خطرے میں ڈالنے کی صلاحیت فراہم کرتے ہیں اور خطے میں اس کی اہم عسکری قابلیت کے طور پر شمار ہوتے ہیں۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 09:54 #

 

خلیج میں امن کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ پیوٹن

 

 

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ وہ خلیجی خطے میں استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کو تیار ہیں۔

کریملن میں مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات کے دوران پیوٹن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال دونوں ممالک کے لیے مشترکہ تشویش کا باعث ہے اور ماسکو اس معاملے میں مدد کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب کی خواہش ہے کہ جاری تنازع جلد حل ہو جائے۔ پیوٹن نے مزید کہا کہ جیسا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس معاملے پر بات کی ہے، روس ہر ممکن اقدامات کے ذریعے صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے تیار ہے۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 09:45 #

 

سعودی عرب کا 5 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

 

سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ جمعرات سے اب تک پانچ ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں بتایا کہ رات کے دوران ایک ڈرون کو مار گرایا گیا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

اس سے قبل جمعرات کو جاری بیان میں وزارت نے چار ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 08:08 #

 

امریکہ اور اسرائیلی فوج کے تہران۔ کرج۔ قم بندرعباس دیگر علاقوں پر حملے

 

 

اطلاعات کے مطابق اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران کے مختلف علاقوں میں رات بھر شدید حملے جاری رہے۔

سوشل میڈیا صارفین اور ذرائع ابلاغ نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران مغربی تہران، ملارد، پارچین، کرج، مہرشہر، شہریار، بندرعباس، بہبہان، برازجان اور بوشہر میں دھماکوں کی اطلاعات دی ہیں۔

اسی طرح تبریز، شیراز اور قم میں بھی دھماکوں اور حملوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ہونے والے ان حملوں کے دائرہ کار اور اہداف سے متعلق مزید معلومات موصول نہیں ہوئیں۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 07:59 #

 

ٹرمپ نے امریکی اٹارنی جنرل پام بانڈی کو عہدے سے ہٹا دیا

 

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل پام بونڈی کو امریکہ کی اعلیٰ ترین قانون نافذ کرنے والی عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ اٹارنی جنرل پام بونڈی صدر ٹرمپ کی دیرینہ اتحادی اور ان کی انتظامیہ کی مضبوط حمایتی رہی ہیں۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ان کی تعریف کی اور کہا کہ وہ نجی شعبے میں ایک کردار کی طرف ’منتقل‘ ہو رہی ہیں۔

بونڈی کا محکمہ انصاف کی سربراہی کا دور اکثر جیفری ایپسٹین سے متعلق فائلوں کے اجرا اور اس مجرم جنسی مجرم کی تحقیقات کے معاملے کی وجہ سے زیرِ سایہ رہا۔

وہ حالیہ ہفتوں میں ٹرمپ انتظامیہ کی دوسری عہدیدار ہیں جنھیں عہدے سے ہٹایا گیا، اس سے پہلے مارچ میں کرسٹی نوم کو ہوم لینڈ سکیورٹی کے سربراہ کے طور پر ہٹا دیا گیا تھا۔ بونڈی کی جگہ ان کے سابق نائب ٹوڈ بلانش لیں گے۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 07:54 #

 

پاسدارانِ انقلاب کا دبئی میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کے مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

 

 

پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے دبئی میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل کے ایک ڈیٹا سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ حملہ گزشتہ روز کمال خرازی اور ان کی اہلیہ کی شہادت کی کوشش کے جواب میں کیا گیا۔

تاہم دبئی انتظامیہ نے ایران کی جانب سے اوریکل کمپنی پر حملے کے دعوے کی تردید کی ہے۔

یہ کارروائیاں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آئی ہیں، اس کے بعد کہ پاسدارانے انقلاب نے اس سے قبل امریکہ کی 18 بڑی ٹیکنالوجی اور صنعتی کمپنیوں کی ایک فہرست جاری کی تھی جن میں مائیکروسافٹ، گوگل، ایپل، میٹا، انٹیل، آئی بی ایم، ٹیسلا اور بوئنگ شامل ہیں اور انھیں مشرقِ وسطیٰ میں اپنی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’جیسا کہ ہم پہلے خبردار کر چکے تھے، ایرانی شخصیات کے قتل کے بدلے میں ہم اُن جاسوس ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کو نشانہ بنائیں گے جو دشمن کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی بنیاد ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی کمپنی اوریکل کے ڈیٹا سینٹر اور کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی پاسدارانِ انقلاب یہ دعویٰ کر چکی ہے کہ اس نے بحرین میں ایمیزون کے ایک کلاؤڈ کمپیوٹنگ سینٹر کو نشانہ بنایا تھا۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 07:17 #

 

سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس۔ آبنائے ہرمزمیں کشیدگی پرغور

 

 

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں آبنائے ہرمز کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں بحرین کی قرارداد میں بحری جہازوں کے تحفظ کے لیے فوجی اقدام کی تجویز زیر غور آئی۔
آبنائے ہرمز میں تجارتی راستہ کھولنے کے لیے طاقت کے استعمال کی اجازت پر بھی بحث کی گئی۔

خلیج تعاون کونسل نے کہا کہ خلیجی ممالک کو ایرانی جارحیت کا سامنا ہے، رکن ممالک کو دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ سلامتی کونسل سمندری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 07:00 #

 

ایران کا یو ایس ایس ابراہام لنکن پر کروز میزائلوں سے حملہ

 

 

ایران نے اسرائیل پر تازہ میزائل حملے کیے، جس سے ایک اسرائیلی شہر میں دھماکہ اور آگ بھڑک اٹھی۔ اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی حملے روکنے میں ناکام رہا، جبکہ ایرانی بحریہ نے قیشم جزیرے کے قریب دشمن کا لڑاکا طیارہ بھی مار گرایا اور طیارہ بردار بحری بیڑے ابراہم لنکن پر بھی کروز میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں اردن کے الازرق فوجی اڈے پر بھی ڈورنز سے حملہ کیا گیا، بحرین میں ایمازون کی کلاوڈ فیسلیٹی بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے کمیں گاہوں پر حملوں میں کئی امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہونے کا بھی دعویٰ کیا اور کہا امریکہ اور اسرائیل اب ماضی سے کہیں زیادہ سخت حملوں کے لیے تیار رہیں۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 06:25 #

 

ایران کی کارروائیوں پر اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔ اماراتی وزیر

 

اماراتی وزیر مملکت خلیفہ شاہین المرر نے کہا کہ ایران کوبین الاقوامی قانون کے تحت آبنائے ہرمز بند کرنےکاحق نہیں، آبنائےہرمز میں گزرنے کیلئے فیس وصول کرنا سمندری قزاقی کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا خطےمیں حالات کے پیشِ نظر فوری کارروائی کیلئے تیار ہیں۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 06:19 #

 

امریکی محکمہ دفاع کی فوج کے چیف آف سٹاف کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق

 

 

امریکی محکمہ دفاع نے فوج کے چیف آف سٹاف جنرل رینڈی جارج کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ جنرل رینڈی اے جارج فوری طور پر امریکی فوج کے 41ویں چیف آف سٹاف کے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ محکمہ دفاع جنرل جارج کی دہائیوں پر محیط خدمات پر ان کا شکر گزار ہے۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 03:13 #

 

زیر تعمیر پلوں پر حملوں سے ایران دباؤ میں نہیں آئے گا۔ وزیر خارجہ

 

 

ایران کے شہر کرج میں ایک پُل پر حملے کے بعد اپنے بیان میں وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ’سویلین مقامات بشمول زیر تعمیر پُلوں پر حملے ایرانیوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔
کرج میں پُل پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ یہ (حملے) صرف انتشار کا شکار دشمن کی شکست اور اخلاقی زوال کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہر پُل اور ہر عمارت پہلے سے زیادہ مضبوط بنا لی جائے گی، مگر جو چیز کبھی بحال نہیں ہو سکے گی وہ امریکہ کی ساکھ کو پہنچنے والا نقصان ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پُل پر حملے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی اور کہا تھا کہ: ایران کا ’سب سے بڑا پُل زمین بوس ہو گیا ہے، اب کبھی استعمال کے قابل نہیں رہے گا، آگے اور بھی بہت کچھ ہونے والا ہے۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 03:05 #

 

کرج میں پُل پر حملے کے بعد شہدا کی تعداد 8 ہوگئی

 

 

ایران کے شہر کرج میں ایک پُل پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق البرز کے گورنر کے دفتر کے ایک عہدیدار قدرت اللہ سیف نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے ان حملوں کو ’خوفناک جرم‘ قرار دیا ہے۔

کچھ گھنٹوں قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے شہر کرج میں واقع ایک پُل پر حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک فضائی حملے کے بعد پُل پر شعلے اور دھوئیں کے بادل اُٹھ رہے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ انھیں اس حملے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔

ٹرمپ بظاہر اس حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 02:51 #

 

بارود سے بھری گاڑی بنوں تھانے سے ٹکرا گئی۔ 5افراد شہید

 

 

رات گئے بنوں میں ڈومیل پولیس اسٹیشن کے گیٹ سے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، دھماکے میں 5 افراد جاں بحق 18 زخمی ہوگئے۔

ریجنل پولیس افسر سجاد خان کے مطابق تھانے کے قریبی مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

جاں بحق افراد میں تین خواتین ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں، جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 02:38 #

 

امریکی وزیر دفاع کا بڑا فیصلہ۔ آرمی چیف کو عہدہ چھوڑنے کا حکم

 

 

امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے فوج کے چیف آف سٹاف جنرل رینڈی جارج کو عہدہ چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

جنرل رینڈی جارج کو سنہ 2027 تک اس عہدے پر رہنا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہیگسیتھ چاہتے ہیں کہ جنرل رینڈی جارج کی جگہ ایسا افسر اس عہدے پر لایا جائے جو امریکی فوج کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کے وژن پر عملدرآمد کرے۔
اب تک سیکریٹری دفاع ایک درجن سے زیادہ سینیئر فوجی افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا چکے ہیں۔

 

 

 

 

Friday, 3 April 2026 – 02:38 #

 

امریکی وزیر دفاع کا بڑا فیصلہ۔ آرمی چیف کو عہدہ چھوڑنے کا حکم

 

 

امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے فوج کے چیف آف سٹاف جنرل رینڈی جارج کو عہدہ چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

جنرل رینڈی جارج کو سنہ 2027 تک اس عہدے پر رہنا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہیگسیتھ چاہتے ہیں کہ جنرل رینڈی جارج کی جگہ ایسا افسر اس عہدے پر لایا جائے جو امریکی فوج کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کے وژن پر عملدرآمد کرے۔
اب تک سیکریٹری دفاع ایک درجن سے زیادہ سینیئر فوجی افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا چکے ہیں۔