کویت میں ایرانی ڈرون حملہ،15 امریکی فوجی زخمی
مجموعی طور پر 375 امریکی فوجی زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے
خلیجی ریاست کویت میں ایرانی جوابی ڈرون حملے کے نتیجے میں علی السالم ایئر بیس پر 15 امریکی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
کویتی حکام کے مطابق حملہ رات گئے ہوا اور ایئر بیس کے احاطے میں ڈرون گرنے سے فوجی اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔ زخمیوں کی حالت عمومی طور پر ٹھیک بتائی جا رہی ہے۔
امریکی فوجی حکام کے مطابق ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران اب تک مجموعی طور پر 375 امریکی فوجی زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ حملے کے بعد ایئر بیس میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی اور علاقے میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
دوسری جانب قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطے میں خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا۔ قطری رہنما نے شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور تمام فریقین کو کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانے کی تاکید کی۔