پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز سے شکست دے دی
کوشل مینڈس نے 52 گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی ،بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنالیے۔
فوٹو سوشل میڈیا
کراچی:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 247 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 16.1 اوورز میں 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اوپنر ڈیوڈ وارنر اور محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جارح مزاج بیٹر اعظم خان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سعد بیگ 14 اور خوشدل شاہ 10 رنز بناسکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے افتخار احمد، سفیان مقیم اور ناہید رانا نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ ان کےلیے تباہ کن ثابت ہوا۔
زلمی کا آغاز تو اچھا نہ تھا، جہاں اسے صفر پر ہی جارح مزاج محمد حارث کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جنہیں اسپنر خوش دل شاہ نے آؤٹ کیا۔
تاہم اس کے بعد کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اور کوشل مینڈس نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے پی ایس ایل میں اپنا سب سے بڑا ٹوٹل بنادیا جبکہ اسی دوران بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔
کوشل مینڈس نے 52 گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ مینڈس کو 17ویں اوور میں عباس آفریدی نے آؤٹ کیا جبکہ اسی اوور میں عباس کے ہاتھوں بریس ویل کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوا۔
اختتامی لمحات میں عبدالصمد نے 12 گیندوں پر 40 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو 246 رنز تک پہنچایا۔
دوسرے اینڈ پر موجود کپتان بابر اعظم 51 گیندوں پر 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انکی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
پشاور زلمی نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی 2 اور خوشدل شاہ ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔