بجلی بحران شدت اختیار کرگیا، شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز
ملک میں بجلی کی مجموعی طلب 20 ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار 14 ہزار 274 میگاواٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے
اسلام آباد: ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر 5 ہزار 726 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی طلب 20 ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار 14 ہزار 274 میگاواٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
پاور ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق پن بجلی سے 1 ہزار 530 میگاواٹ، تھرمل ذرائع سے 7 ہزار 814 میگاواٹ، سولر سے 450 میگاواٹ اور ونڈ انرجی سے 1 ہزار 490 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
اسی طرح نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 2 ہزار 890 میگاواٹ اور بگاس پاور پلانٹس سے 100 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جا رہی ہے۔
پیداوار اور طلب کے درمیان فرق برقرار رہنے کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں شہری طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں، جس پر عوامی حلقوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔