وزیراعظم شہباز شریف سہ ملکی دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے
وزیراعظم نے برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، خطے میں امن کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا
لاہور ۔ شہباز شریف اپنا سہ ملکی دورہ مکمل کرنے کے بعد ترکیہ سے وطن واپس پہنچ گئے، جہاں وہ لاہور میں پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ پر مشتمل تھا، جس کے دوران انہوں نے مختلف اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے انطالیہ میں منعقدہ ڈپلومیسی فورم میں بھی شرکت کی اور مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، خطے میں امن کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
اس موقع پر پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی شامل تھے۔