اسرائیل جنگ کو بہانہ بنا کر مزید علاقے پر قبضے کی کوشش میں ہے۔ترک وزیر خارجہ
نیتن یاہو حکومت سکیورٹی کو بہانہ بنا کر توسیع پسندانہ اقدامات کر رہی ہے
ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کو ایک بہانے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے مزید علاقوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
العربیہ کے مطابق انہوں نے جنوبی ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ایک سفارتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش نہیں کر رہا بلکہ مزید زمین حاصل کرنا چاہتا ہے اور نیتن یاہو حکومت سکیورٹی کو بہانہ بنا کر توسیع پسندانہ اقدامات کر رہی ہے۔ہاکان فیدان کے مطابق اسرائیل نہ صرف فلسطینی علاقوں (غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم) پر قابض ہے بلکہ اب لبنان اور شام سے متعلق علاقوں پر بھی اپنا کنٹرول بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مسلسل قبضہ اور توسیع ہے جسے روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے دنیا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ اس کا مقصد صرف اپنی سلامتی کو یقینی بنانا ہے، جو ایک گمراہ کن تصور ہے۔