پاکستان سے بہترین تعلقات کے بعد امریکا کیلئے بھارت پر اعتماد کرنا مشکل ہوگیا: بین الاقوامی جریدہ

پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے فعال کوششیں کیں اور مختلف فریقین کے درمیان رابطوں کو برقرار رکھا۔

               
April 19, 2026 · بام دنیا

ایک بین الاقوامی جریدے ایشیا ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بہتر ہوتے تعلقات کے بعد امریکا کے لیے بھارت پر اعتماد کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ بھارت کی سفارتکاری نسبتاً غیر متحرک دکھائی دی۔ جریدے کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے فعال کوششیں کیں اور مختلف فریقین کے درمیان رابطوں کو برقرار رکھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو میں زیادہ تر توانائی اور سپلائی سے متعلق امور پر بات کی، جبکہ پاکستان سفارتی سطح پر کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں مصروف رہا۔

ادھر ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت مختلف عالمی رہنماؤں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کی کوششوں کے دوران پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے اہم عالمی شخصیات سے مسلسل رابطہ رکھا۔

مزید برآں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حالیہ بیانات میں پاکستان کی قیادت، خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی تعریف بھی سامنے آئی ہے، جبکہ بھارت میں اپوزیشن اور میڈیا کی جانب سے حکومت کو تنقید کا سامنا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں پاکستان کی سفارتی سرگرمیاں عالمی سطح پر توجہ حاصل کر رہی ہیں، جو مستقبل کی خارجہ پالیسی پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں۔