ہرمز ٹول ٹیکس سے پہلی آمدن مرکزی بینک میں جمع کرا دی گئی: ایران

یہ آمدنی کس طرح وصول کی گئی یا کس نے ادا کی، تصدیق نہیں ، بی بی سی

               
April 23, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایران کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر حمیدرضا حاجی بابائی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر عائد ٹول سے حاصل ہونے والی پہلی آمدنی مرکزی بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ یہ آمدنی کس طرح وصول کی گئی یا کس نے ادا کی،بی بی سی آزادانہ طور پر ان کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کر سکا۔

موجودہ جنگ بندی سے قبل تہران نے کہا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز میں آمدورفت کو صرف ان ممالک تک محدود کر دیا ہے جنہیں وہ ’دوست‘ قرار دیتا ہے، اور اس دوران اس آبنائے سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول وصول کرنے کی بات بھی کی جا رہی تھی۔

تاہم اس وقت یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ ایران گزرنے کے لیے کتنا ٹول وصول کر رہا ہے یا آیا وہ واقعی کوئی فیس لے بھی رہا ہے یا نہیں۔

مثال کے طور پر، مارچ کے آخر میں انڈیا میں ایران کے سفارت خانے نے ان دعوؤں کی تردید کی تھی کہ تہران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے دو ملین ڈالر (15 لاکھ پاؤنڈ) وصول کر رہا ہے۔

آج ایران کے ایک اور سینئر رکنِ پارلیمنٹ علی رضا سلیمی نے تسنیم سے بات کرتے ہوئے کہا: ’میں نے قابل اعتماد ذرائع سے سنا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے فیس وصول کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر جہاز سے وصول کی جانے والی رقم اور فیس کی مقدار کارگو کی نوعیت، مقدار اور خطرے کی سطح کے مطابق مختلف ہوتی ہے، اور ایران خود طے کرتا ہے کہ یہ فیس کیسے اور کس حد تک وصول کی جائے۔ ہم قواعد طے کرتے ہیں۔‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے بھی ان جہازوں کو دھمکی دے چکے ہیں جو آبنائے ہرمز استعمال کرنے کے لیے ایران کو ٹول ادا کرتے ہیں۔