یورپ میں ایندھن بحران۔ امریکی جیٹ فیول کے استعمال کی تیاری

نئی گائیڈ لائنز زیر غور، آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث قلت شدت اختیار کرگئی

               
April 25, 2026 · بام دنیا

یورپی یونین کی فضائی تحفظ ایجنسی یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے جیٹ فیول کی قلت کے پیش نظر امریکی معیار کے جیٹ فیول کے استعمال سے متعلق رہنما اصول تیار کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ان ہدایات کا مقصد رکن ممالک کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ موجودہ طور پر استعمال ہونے والے Jet A-1 فیول کے ساتھ ساتھ Jet-A فیول کو بھی اپنی فضائی کارروائیوں میں شامل کر سکیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز کی بندش سے پیدا ہونے والی قلت کے باعث یورپ امریکہ سے زیادہ جیٹ فیول درآمد کرنے پر غور کر رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایاسا کے ترجمان نے بتایا کہ زیادہ تر مسافر طیاروں کے انجن دونوں اقسام کے ایندھن استعمال کرنے کے لیے تصدیق شدہ ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ Jet-A فیول شمالی امریکا میں عام طور پر استعمال ہوتا ہے، اور یورپی ایئرلائنز پہلے ہی وہاں سے واپسی پر یہی ایندھن استعمال کرتی ہیں، جو طیاروں میں موجود Jet A-1 کے ساتھ مل جاتا ہے۔