وفاقی حکومت نے آسان اقساط پر فنانسنگ کے تحت ’ اپناگھر‘ پروگرام کا آغازکردیا
وزیراعظم شہباز شریف نے افتتاح کیا۔5، 7 اور 10 مرلے تک تعمیر ممکن ہوگی
وفاقی حکومت نے کم اورمتوسط آمدنی والے افراد کے لیے ’اپنا گھر پروگرام‘ ہاؤسنگ پیکیج کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت آسان اقساط پر گھروں کی تعمیر کے لیے اربوں روپے کی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔اسکیم کے تحت 1 کروڑ تک قرض آسان شرائط پر دستیاب ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں مختلف بینکوں کی جانب سے اہل افراد میں قرض کے چیک بھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی 24 کروڑ آبادی میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو اپنی ذاتی چھت سے محروم ہیں۔ بہت سے لوگوں کے لیے نیلا آسمان چھت اور زمین فرش کا کام دیتی ہے، اس لیے انہیں گھر فراہم کرنا ایک مقدس فریضہ ہے۔
شہبازشریف نے کہاکہ یہ اسکیم کسی ایک علاقے تک محدود نہیں بلکہ اسلام آباد سمیت تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں نافذ کی جائے گی۔وزیراعظم کے مطابق پہلے سال میں 50 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے، آئندہ چار برسوں میں مجموعی طور پر 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ ہے، جس کے لیے3اعشاریہ 2کھرب روپے فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں اس اسکیم کا ہر مہینے خود جائزہ لوں گا۔
سکیم کے تحت 5، 7 اور 10 مرلے تک کے گھروں کی تعمیر ممکن ہوگی۔