وفاقی وزراکے وفد کی’’معرکہ حق‘‘میں شہید کم سن مجاہد کے گھر آمد
ارتضیٰ عباس شہید کو خراج،عزم و ہمت کو سلام عقیدت پیش کیا
تصویر: سوشل میڈیا
وفاقی وزرا عطاء اللہ تارڑ، مصدق ملک اور وزیر مملکت وجیہہ قمر’’ معرکہ حق ‘‘کے کمسن مجاہد ارتضیٰ عباس شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے ان کے گھر گئے۔وفد کے ارکان نے ارتضیٰ عباس شہید کے والد لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وفد کے ارکان نے بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے سات سالہ ارتضیٰ عباس کے عزم و ہمت کو سلام پیش کیا۔
واضح رہے کہ ارتضیٰ عباس کی شہادت کے وقت ان کے والد لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس لائن آف کنٹرول پر دشمن سے نبرد آزما تھے، کمسن بیٹے کی شہادت کے باوجود لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس فرض کی ادائیگی میں محاذ جنگ پر دشمن کو بھرپور جواب دیتے رہے۔
اس موقع وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق میں جرات کے نشان کمسن مجاہد ارتضیٰ عباس کی شہادت نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے دی جانے والی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان کی قربانیوں اور قوم کی دعائوں سے فتح نصیب ہوئی جس پر اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ہے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ شہدا کی لازوال قربانیوں سے قوم کے حوصلے مزید مضبوط ہوئے ہیں، عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہی یہ ملک قائم و دائم ہے، شہدا کے اہل خانہ صبر و استقامت کی علامت ہیں، قوم ان کے جذبے کی قدر کرتی ہے۔
اس موقع پر ارتضیٰ عباس شہید کے والد نے تعزیت کے لئے آنے والے وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ہمارے خون میں شامل ہے، جب قوم ساتھ کھڑی ہوتی ہے تو افواج بھی کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔