پاک فوج کا علاقائی صورت حال کے ممکنہ اثرات پر اظہار تشویش

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس ۔سلامتی کی صورتحال کا جائزہ ۔

               
  May 5, 2026 · اہم خبریں, قومی
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، فوٹو آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، فوٹو آئی ایس پی آر

 

پاک فوج کے سربراہ ، چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہیدوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کانفرنس نے واضح کیا کہ یہ قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد بنی رہیں گی۔آرمی چیف نے مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمانڈرز اور فارمیشنز کے عزم، مستعدی اور کامیابی کو سراہا۔

کور کمانڈرز نے اتفاق کیا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، ان کے معاون انفراسٹرکچر کی تباہی اور پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شر انگیز کارروائی سے محفوظ رکھنے کے لیے موجودہ آپریشنل رفتار کو برقرار رکھا جائے گا۔فورم نے”آپریشن غضب للحق”کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کی مسلسل تباہی پر تفصیلی جائزہ لیا۔

کانفرنس نے افغان طالبان رجیم کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کی غیر منطقی اور گمراہ کن پالیسی کے تحت خوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ فورم نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی دہشت گردی کی حمایت افغان عوام کے مفادات کے بالکل برعکس ہے اور یہ رجیم اب اپنے عوام کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے۔فورم نے افغان طالبان رجیم کے پاکستان پر لگائے جانے والے جھوٹے الزامات (افغانستان میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے)کو مسترد کر دیا۔ اسے منظم ڈس انفارمیشن مہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور خود کو مظلوم پیش کرنا ہے۔پاکستان نے واضح کیا کہ اس کی تمام دفاعی کارروائیاں صرف دراندازوں، دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاون انفراسٹرکچر کے خلاف درست اہداف پر مبنی ہیں۔

کورکمانڈرزکانفرنس نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ابھرتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیش رفت کے ممکنہ اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے علاقائی کشیدگی سے بچائو، تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں استحکام کی حمایت کی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ”معرکہ حق”کے یادگار سال کی تکمیل پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی اور اسے قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور خودمختاری کی حفاظت کا اہم سنگ میل قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ معرکہ حق قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور پاکستان کی خودمختاری کی ہر قیمت پر تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے۔فورم نے یہ بھی واضح کیا کہ معرکہ حق کی قومی سطح پر یاد منانا بھارتی متکبرانہ سوچ کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد، مضبوط اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کی۔ فورم نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر آپریشنل تیاری اور مستعدی کی اعلی سطح برقرار رکھی جائے اور روایتی و غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں ۔