مولانا ادریس کے قتل کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی
اسلامک اسٹیٹ خراسان کا ویب سائٹ پر بیان
مولانا ادریس
ضلع چارسدہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سرپرستِ اعلی اور سابق نائب اسپیکر مولانا شیخ محمد ادریس کی ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش(اسلامک اسٹیٹ خراسان) نے قبول کر لی ہے۔
تنظیم نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں دعوی ٰکیا ہے کہ ان کے جنگجووں نے منگل کی صبح اتمانزئی کے علاقے میں مولانا ادریس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔داعش خراسان کے بیان میں مولانا ادریس کو حکومت نواز عالمِ دین قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس حملے میں انہیں شہید،اور ان کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس جے یو آئی(ف)کی ضلعی قیادت کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح پر بھی ایک اہم مقام رکھتے تھے اور دہشت گردی کے خلاف سخت موقف کے لیے جانے جاتے تھے۔دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور بزرگ سیاستدان حاجی غلام بلور نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور شیخ ادریس کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔