قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ افواج پاکستان مکمل مستعد ہیں، عسکری قیادت

معرکہء حق کی پہلی سالگرہ پر پاکستانی عوام اور افواج کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد

May 9, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 

عسکری قیادت نے قوم کو معرکہء حق کی پہلی سالگرہ پر پوری قوم سمیت افواج پاکستان کے تمام افسران اور جوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے سربراہ ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف؛ اورپاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ قومی یکجہتی، احترام اور تشکر کے ساتھ منایا جانے والا یہ اہم دن پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور اتحاد کے پائیدار جذبے کا ثبوت ہے۔مسلح افواجِ ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قوم سے لازوال رشتے کو جذبہ خدمت کے ساتھ فخر سے نبھا رہی ہیں۔

فوجی قیادت نے کہا ہے کہ معرکہ حق قوم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل بن گیا ہے، جو قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کی عکاسی کرتا ہے۔معرکہ حق کی کامیابی نے نہ صرف قومی اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر بھی اجاگر کیا، جو موثر دفاعی صلاحیتوں کا حامل ہے۔اس دوران پاکستان کے پرعزم اور موثر ردِعمل نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ کے جھوٹے بیانیے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی اٹھانا پڑی۔پراکسی دہشت گردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود، مسلح افواج نے زمینی، فضائی،بحری، سائبر اور معلوماتی ڈومینز میں اعلی آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

فوجی سربراہان کا مزید کہناہے کہ معرکہ حق کے بعد، پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے مکمل سپیکٹرم ڈیٹرنس کو تقویت دی ہے۔معرکہ حق میں کامیابی مسلح افواج کی تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، جس نے مسلح افواج پر عوام کے اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا۔

عسکری قیادت کا کہناہے کہ معرکہ حق کی کامیابی کا پہلا سال اس امر کی توثیق کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہے۔پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات، باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ، مسلح افواج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کو یقینی بناتے ہوئے تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مستعد اور پوری طرح تیار ہیں۔