تحریک تحفظ آئین کا جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں مظاہرے ہوں گے۔سربراہی اجلاس میں فیصلہ

May 19, 2026 · قومی

 

تحریک تحفظ آئین پاکستان جمعہ کو ملک گیر احتجاج کرے گی۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت کا اہم ترین سربراہی اجلاس تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس، تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکرٹری جنرل اسد قیصر، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے سربراہ زین شاہ، مصطفیٰ نواز کھوکھر، بی این پی کے سینئر نائب صدر ساجد ترین، سنی اتحاد کونسل کے قائم مقام چیرمین صاحبزادہ حسن رضا، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین قریشی، چیف وہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی علی وڑائچ، سینیٹر مشتاق احمد خان، عمار علی جان اور اخونزادہ حسین نے شرکت کی۔

اجلاس میں سینئر قانون دان اور معروف سیاستدان چوہدری اعتزاز احسن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں ملکی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ حکومت گورننس، لا اینڈ آرڈر، مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ملک میں 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے، کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں، مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں اور سارا بوجھ ملک کے تنخواہ دار طبقے نے اٹھا یا ہوا ہے۔ معاشی تباہی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ آنے والا بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہوگا جس سے عوام پر مزید معاشی بوجھ پڑے گا۔

اجلاس میں تحریک انصاف سمیت ملک کی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ غیر آئینی اور غیر قانونی سلوک کی شدید مذمت کی گئی۔ شرکاء نے عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو خراج تحسین پیش کیا جو ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔

اجلاس میں عمران خان کی صحت کے حوالے سے آنے والی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے اہل خانہ اور سیاسی رفقاء کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔

اجلاس میں سیاسی قیدیوں کے ساتھ جیلوں میں غیر انسانی سلوک کی مذمت کی گئی اور تمام سیاسی اسیران کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ سنی اتحاد کونسل کے چئیرمین، صاحبزادہ حامد رضا، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت تمام قید قیادت اور علی وزیر کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیرستان میں احمد زئی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں صوبوں کے آئینی حقوق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے آئین اور جمہوریت کی بالادستی ناگزیر ہے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ کے روز ملک بھر میں بدترین مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے، ملک میں جاری لاقانونیت، عمران خان کو فوری ہسپتال منتقل کرنے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں جمعہ کو ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم جعلی اسمبلی سے قانون سازی کرانا غیر قانونی عمل ہے اور ملک اس وقت تاریخ کے بدترین بحرانوں کا شکار ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین، جمہوریت اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔