اسرائیل کا حماس کے عسکری ونگ کے نئے سربراہ کو شہید کرنیکا دعویٰ

حماس کی طرف سے تاحال اس دعوے کی نہ تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید سامنے آئی ہے۔

May 27, 2026 · بام دنیا
اسرائیل کا حماس کے عسکری ونگ کے نئے سربراہ کو شہید کرنیکا دعویٰ

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سٹی میں ایک فضائی حملے کے دوران حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے مبینہ نئے سربراہ محمد عودہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق یہ کارروائی 26 مئی کی شب کی گئی۔

اسرائیلی فوج اور حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ محمد عودہ کئی ماہ سے انٹیلی جنس نگرانی میں تھے اور ان پر ایک مخصوص کارروائی کے ذریعے حملہ کیا گیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی سوشل میڈیا بیان میں دعویٰ کیا کہ حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ کو غزہ میں ہدف بنایا گیا۔

دوسری جانب حماس کی طرف سے تاحال اس دعوے کی نہ تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید سامنے آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد عودہ ماضی میں حماس کے انٹیلی جنس شعبے سے وابستہ رہے اور انہیں عزالدین الحداد کی شہادت کے بعد القسام بریگیڈز کی قیادت سونپے جانے کی اطلاعات تھیں، تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا تھا۔

غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق حملے میں متعدد شہری بھی متاثر ہوئے۔ مقامی اسپتال حکام نے بتایا کہ غزہ سٹی کے مغربی علاقے میں ہونے والے حملے میں کئی افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق حملہ ایسے وقت کیا گیا جب شہری عیدالاضحیٰ کی تیاریوں اور خریداری میں مصروف تھے۔

علاقائی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملے کے نتیجے میں گنجان آباد علاقے میں شدید تباہی ہوئی جبکہ متعدد دکانیں اور مارکیٹیں بھی متاثر ہوئیں۔

یاد رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے اعلانات کے باوجود کشیدگی اور حملوں کا سلسلہ مختلف علاقوں میں جاری ہے، جس کے باعث انسانی صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔