عیدالاضحی پر ٹرمپ نامی بھینس کی قربانی حکومت نے رکوا دی

تقریباً 700 کلو وزنی بھینس کو قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا، تاہم آخری لمحات میں حکومتی مداخلت کے بعد اس کی قربانی روک دی گئی۔

May 28, 2026 · بام دنیا

بنگلہ دیش میں سنہرے بالوں والی نایاب البینو بھینس، جسے اس کی منفرد شکل کی وجہ سے ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ کا نام دیا گیا تھا، عیدالاضحیٰ پر قربانی سے بچ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 700 کلو وزنی بھینس کو قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا، تاہم آخری لمحات میں حکومتی مداخلت کے بعد اس کی قربانی روک دی گئی۔

بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے حکام کو ہدایت دی کہ بھینس کو ذبح نہ کیا جائے جبکہ خریدار کو رقم واپس کر کے جانور کو ڈھاکہ کے قومی چڑیا گھر منتقل کیا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے بعد بھینس غیر معمولی توجہ کا مرکز بن گئی تھی، جس کے باعث سیکیورٹی خدشات پیدا ہوئے۔ سنہرے بالوں اور پرسکون مزاج کی حامل اس بھینس کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ فارم پہنچنے لگے تھے۔

فارم کے مالک ضیاالدین مردھا نے بتایا کہ ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ کا نام ان کے چھوٹے بھائی نے رکھا کیونکہ بھینس کے سنہرے بال امریکی صدر سے مشابہ دکھائی دیتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ نایاب بھینس بہت نرم مزاج ہے اور اسے خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے، جس میں باقاعدہ غسل اور زیادہ خوراک شامل ہے۔

بنگلہ دیش میں البینو بھینسیں انتہائی کم پائی جاتی ہیں، اسی لیے یہ جانور عید کے مویشی بازاروں میں غیر معمولی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔