جہاں اسمبلیاں فروخت ہوتی ہوں وہاں عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے،محمود اچکزئی
غیر جانب دار انتخابات اور آئین کی بالادستی ناگزیر قرار
فائل فوٹو
قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جہاں اسمبلیاں فروخت ہوتی ہوں وہاں غریب عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے، پاکستان میں غیر جانب دارانہ انتخابات ہونے چاہئیں۔
بلوچستان بار کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سچ کی بنیاد پر پاکستان اور بلوچستان کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، محض سرداروں اور نوابوں کو شامل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء جانتے ہیں کہ 1973ء کا آئین کافی جدوجہد کے بعد بنا۔ کسی بھی ملک میں عدلیہ اور آئین کے ذریعے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں اسمبلی کی بولیاں لگتی ہیں،جہاں اسمبلیاں فروخت ہوتی ہوں وہاں غریب عوام کے مسائل نہیں ہوسکتے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کے آئین نے حقوق اور غداری دونوں کو واضح کر دیا ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں عوامی جماعتیں شامل ہیں اور پاکستان میں غیر جانب دارانہ انتخابات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل پر یہاں کے عوام کا پہلا حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں۔ ایجنسیوں کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا، لیکن ملکی نظام کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے خلاف کچھ نہیں کہیں گے، تاہم ہمارے راستے بند نہیں کیے جانے چاہئیں۔