وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے کی تیاری شروع کر دی

آئندہ مالی سال کے لیے گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز تجویز کیے گئے

June 6, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 27.32 فیصد کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے، جو رواں مالی سال کے نظرثانی ترقیاتی بجٹ کے مقابلے میں 5.26 فیصد زیادہ ہے۔

آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ 39 ارب روپے سے زائد تجویز کیا گیا ہے، جبکہ نظرثانی ترقیاتی بجٹ 30 ارب 67 کروڑ روپے تھا۔

فنڈز نکاسیٔ آب، سڑکوں، پانی کی فراہمی اور ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبوں کے لیے تجویز کیے گئے ہیں۔

رواں مالی سال گلگت بلتستان کے لیے ترقیاتی بجٹ 37 ارب 10 کروڑ روپے رکھا گیا تھا۔ آئندہ مالی سال کے لیے مختلف منصوبوں کی تفصیلات:
• بلاک الوکیشن / اے ڈی پی: 23 ارب روپے
• وزیراعظم کے خصوصی پیکج: 4 ارب روپے
• نلتر ہائیڈرو پاور 16 میگا واٹ منصوبہ: 2 ارب 20 کروڑ روپے
• ریجنل گرڈ کے قیام کے منصوبے: 1 ارب روپے
• مختلف سائٹس پر سولر پلانٹس کے لیے: 1 ارب 71 کروڑ روپے