ایران کے تمام میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے گئے،امریکی دعویٰ
امریکا نے جوابی کارروائی کے تحت ایران میں تقریباً 20 مختلف اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ان اہداف میں بعض عسکری تنصیبات اور دفاعی نظام شامل تھے۔
امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تمام میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے گئے ہیں اور انہیں راستے میں ہی روک لیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا نے جوابی کارروائی کے تحت ایران میں تقریباً 20 مختلف اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ان اہداف میں بعض عسکری تنصیبات اور دفاعی نظام شامل تھے۔
امریکی حکام کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں امریکی فوجی اہلکاروں کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بیان میں کہا تھا کہ ایران کی جانب سے مبینہ طور پر کیے گئے اقدامات کے جواب میں متناسب دفاعی کارروائی کی گئی، جس میں آبنائے ہرمز کے قریب ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب روسی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قشم اور آبنائے ہرمز کے اطراف مختلف دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ بعض علاقوں میں عسکری سرگرمیوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث صورتحال انتہائی حساس ہو گئی ہے اور عالمی سطح پر پیش رفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔