دکانیں کھلی رکھنے کے اوقات سے متعلق بڑا فیصلہ۔مدت بھی بڑھادی گئی
ایندھن کی بچت اور اضافی کفایتی اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کا اجلاس
حکومت نے دکانیں کھلی رکھنے کے اوقات میں اضافہ کردیا، اقدامات کے نفاذمیںبھی 30 جون تک توسیع کردی گئی ہے۔ریڈیو پاکستان کے مطابق ،ایندھن کی بچت اور اضافی کفایتی اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کا اجلاس نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔کمیٹی میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے متعدد کفایتی اقدامات سے استثنیٰ کی درخواستوں پر غور کیا گیا اور اس حوالے سے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوامی سہولت کیلئے وزارتِ خارجہ اور اس کے کوئٹہ، کراچی، پشاور، گجرات اور لاہور میں قائم رابطہ دفاتر میں قونصلر تصدیقی خدمات جمعہ کے روز بھی جاری رہیں گی۔کمیٹی نے تجویز پیش کی کہ اضافی کفایتی اقدامات، جن کی مدتِ اختتام 13جون مقرر کی گئی تھی ان کا اطلاق 30جون تک بڑھا دیا جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ گروسری اور کریانہ اسٹورز کے بند ہونے کا وقت ہفتہ اور اتوار سمیت ہفتے کے تما م دنوں میں رات 10بجے تک بڑھا دیا جائے۔