وفاق کو ٹیکس ہدف کی صوبوں سے اضافی رقم ملے گی،پی پی سے مذاکرات کامیاب
آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل مالیاتی مفاہمت، این ایف سی فارمولہ برقرار
فائل فوٹو
حکومت کی تکنیکی کمیٹی کے پیپلز پارٹی سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے نتیجے میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل اہم مالیاتی مفاہمت طے پاگئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت تکنیکی کمیٹی اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات میں اتفاق کیا گیا کہ صوبوں کی طرف سے وفاق کو آئندہ مالی سال کے ٹیکس ہدف کی اضافی رقم فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق قومی محاصل کی تقسیم کے لیے این ایف سی کے فارمولے میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔ اس فارمولے کے تحت وفاق رواں مالی سال کے ٹیکس ہدف کی بنیاد پر آئندہ مالی سال صوبوں کو محاصل فراہم کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال کے اضافی محاصل وفاق کو دیے جائیں گے، صوبے گرانٹس کی مد میں بھی وفاق کو اضافی محاصل فراہم کریں گے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف 13005 ارب روپے ، آئندہ مالی سال کا ٹیکس ہدف 15264 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح آئندہ مالی سال کے ٹیکس ہدف میں 2259 ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ صوبے گرانٹس کی مد میں وفاق کو 1200 ارب روپے سے زائد کی رقم فراہم کریں گے، وفاق آئندہ چند سال کے دوران یہ رقم صوبوں کو واپس کرے گا۔
آئندہ مالی سال میں پنجاب سے وفاق کو 620 ارب، سندھ سے 310 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔
دیگر صوبوں کے حوالے سے ذرائع نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں خیبرپختونخوا کے 180 ارب روپے وفاق کو دیے جاسکتے ہیں، بلوچستان کے 85 ارب روپے سے زائد وفاق کو فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔