جوہری واچ ڈاگ نے ایران سے افزودہ یورینیم کے ذخائر کی تفصیلات مانگ لیں؛ قرارداد منظور
21 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی، 3 ارکان نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا، 10 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
فائل فوٹو
ویانا : اقوامِ متحدہ کے جوہری امور کے نگران ادارے ‘انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی’ کے بورڈ آف گورنرز نے ایک اہم قرارداد منظور کی ہے، جس میں ایران پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے افزودہ یورینیم کے بقیہ ذخائر کا فوری اعلان کرے اور ادارے کو تصدیق کے لیے ہر ممکن رسائی فراہم کرے۔
یہ قرارداد امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے مشترکہ طور پر جمع کرائی گئی تھی، جس پر بورڈ آف گورنرز کے ارکان کے درمیان ووٹنگ ہوئی۔ 21 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی، 3 ارکان نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا، 10 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
سفارت کاروں کے مطابق قرارداد کی مخالفت کرنے والے تین ممالک میں روس، چین اور نائجر شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے باخبر سفارت کاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ قرارداد ایران کی جانب سے جوہری ضوابط کی تعمیل کی تصدیق کے لیے پیش کی گئی تھی۔ قرارداد میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تنظیم کو وہ تمام رسائی فراہم کرے جو تعمیل کی تصدیق کے لیے درکار ہے۔
قرارداد کی منظوری کے بعد ایران پر بین الاقوامی جوہری قوانین کی پاسداری اور اپنے جوہری پروگرام کو شفاف بنانے کے لیے دباؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔