ایران کا اردن میں امریکی اڈے پر 12میزائلوں سے حملے کا دعویٰ
یہ کارروائی امریکا کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے جواب میں کی گئی
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اردن کے علاقے زرقا میں واقع الازرق ایئربیس کو 12 بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی دعوے کے مطابق یہ کارروائی امریکا کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے جواب میں کی گئی، جن میں بعض صنعتی مراکز، تفریحی مقامات اور مختلف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان تنصیبات میں کرج، نظرآباد اور پیشوا کے اطراف کے علاقے بھی شامل بتائے گئے ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی افواج کا کہنا ہے کہ اس حملے میں الازرق ایئربیس کی تنصیبات اور وہاں موجود بڑی تعداد میں لڑاکا طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔
الازرق ایئربیس اردن کے صوبہ زرقا میں واقع ہے جو دارالحکومت عمان سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہ اڈہ اردنی فضائیہ کے مختلف اسکواڈرنز کی میزبانی کرتا ہے اور ماضی میں اسے امریکا اور اس کے اتحادیوں نے خطے میں مختلف عسکری کارروائیوں کے لیے استعمال کیا ہے۔