چین میں تیار پہلی ہنگور کلاس آبدوز کراچی پہنچ گئی

پی این ایس ایم ہنگور کی آمد، پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں اہم اضافہ

June 11, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی : چین میں تیار ہونے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس ایم ہنگور کراچی پہنچ گئی۔

آبدوز کی آمد پر روایتی بحری انداز میں اس کا شاندار استقبال کیا گیا، جس میں پاک بحریہ کے سینئر افسران، جوانوں، آبدوز کے عملے کے اہلِ خانہ اور دیگر بحری اہلکاروں نے شرکت کی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے آنے والی آبدوز اور اس کے عملے کو اعزازی سلامی پیش کی، جبکہ پاک بحریہ کے Z9EC ہیلی کاپٹروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

پی این ایس/ایم ہنگور کی آمد کے موقع پر پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمانڈر پاکستان فلیٹ، وائس ایڈمرل عبدالمنیب، نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ آبدوز جدید کامبیٹ سسٹمز، سینسرز، ایئر اِنڈیپنڈنٹ پروپلشن (AIP) ٹیکنالوجی اور اسٹیلتھ خصوصیات سے آراستہ ہے جس سے پاک بحریہ کی جنگی استعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

پی این ایس/ایم ہنگور کی آمد پاک بحریہ کے فلیٹ کا جدت کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک دفاعی تعاون کی عکاس ہے۔یاد رہے کہ ایک ماہ قبل پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی چین میں کمیشننگ کی تقریب ہوئی تھی۔

اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا تھا کہ اہم بحری راستوں کا تعطل عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ یہ آبدوزیں بحیرہ عرب میں اہم سمندری تجارتی گزرگاہوں کی سلامتی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔