سینٹ کمیٹی میں بجلی بلوں پر فکس ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ

سینیٹ کمیٹی میں فکس چارجز کو عوام پر ظلم قرار دیا گیا

June 16, 2026 · قومی

فائل فوٹو

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ میں بجلی بلوں پر عائد فکس ٹیکس کے خلاف آواز اٹھ گئی، رکن کمیٹی سینیٹر کامل علی آغا نے فکس چارجز کے خاتمے کی تجویز دے دی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس کے دوران سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ بجلی بلوں پر فکس چارجز عوام کے لیے عذاب بن چکے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے لاجز کے یونٹس کی قیمت 6200 روپے ہے ۔ اس پر 6800 روپے فکس چارجز عائد ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج انکشاف ہوا ہے کہ 8500 روپے کمانے والا غریب نہیں۔

اس پر چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اس کا مطلب ہے آپ اپنی بجلی کا کنیکشن ختم کر دیں۔کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ جو شخص 100 یونٹس استعمال کر رہا ہے اسے 400 یونٹس کے پیسے دینا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ فکس چارجز کو ظلم قرار دیتے ہوئے ان کے خاتمے کی سفارش کی جائے۔

اس موقع پر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بجٹ کے بعد پاور ڈویژن کو بلا کر اس معاملے پر ان سے پوچھ لیتے ہیں۔