لبنان پر حملے نہ رکنے پر اسرائیل کو سخت جواب دینے کا ایرانی انتباہ

لبنان کے خلاف کارروائیاں بند کی جائیں، ورنہ نتائج اسرائیل کو بھگتنا ہوں گے۔۔خاتم الانبیا

June 17, 2026 · بام دنیا

ایران میں خاتم الانبیاء نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل جنوبی لبنان پر اپنے حملے بند نہیں کرتا تو اسے ایرانی مسلح افواج کی جانب سے سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکی صدر کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے اعلان کے بعد اسرائیل نے جنوبی لبنان میں 84 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

قرارگاہ خاتم الانبیاء نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل ’جنوبی لبنان میں اپنی شدت پسندانہ کارروائیوں کا سلسلہ ختم نہیں کرتا تو اسے ایران کی مسلح افواج کے سخت جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اس سے قبل کہا تھا کہ ’یہ تنازع اس وقت تک مکمل طور پر ختم نہیں سمجھا جا سکتا جب تک اسرائیلی افواج ان علاقوں سے واپس نہیں چلی جاتیں جن پر انھوں نے اس جنگ کے دوران قبضہ کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’اسرائیلی حکومت کی جانب سے لبنان پر کسی بھی نئی فوجی کارروائی اور لبنانی سرزمین پر قبضے کا تسلسل ہماری نظر میں معاہدے کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔

ایران کا مؤقف ہے کہ معاہدے کی پہلی شق جنگ کے خاتمے سے متعلق ہے، جس کا اطلاق لبنان سمیت تمام متعلقہ محاذوں پر ہوتا ہے۔