امریکہ کا اسرائیل کو ایران معاہدے کی تفصیلات دینے سے انکار

قومی سلامتی کے حساس معاملے کا جواز، معاہدے کی شقوں پر اسرائیل کو بریفنگ سے گریز

June 17, 2026 · بام دنیا

امریکہ نے ایران کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی تفصیلات تک رسائی کے لیے اسرائیل کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے معاہدے کی شقوں سے آگاہی کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دی تھی، تاہم امریکی حکام نے اسے قبول نہیں کیا۔

رپورٹس کے مطابق واشنگٹن نے موقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ قومی سلامتی سے متعلق حساس نوعیت کا ہے، اس لیے معاہدے کی مکمل تفصیلات شیئر نہیں کی جا سکتیں۔ اسرائیلی ذرائع نے امریکی فیصلے کو غیرمتوقع قرار دیتے ہوئے اس پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب ایران اور امریکہ کے درمیان زیر غور 14 نکاتی مفاہمتی مسودے کی بعض تفصیلات منظرعام پر آچکی ہیں۔ ایرانی ذرائع کے مطابق مجوزہ مسودے میں امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے، ایران کے تیل اور پیٹروکیمیکل شعبے پر عائد پابندیوں کی معطلی اور لبنان سمیت مختلف محاذوں پر فوری اور مستقل جنگ بندی کی تجاویز شامل ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذاکراتی عمل کے دوران ایران کے منجمد اثاثوں کی مرحلہ وار واپسی کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ حتمی معاہدے کی توثیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے ذریعے کرانے کی شق بھی مسودے کا حصہ بتائی جا رہی ہے۔ تاہم ایران کے میزائل پروگرام اور خطے میں اس کے اتحادی گروپوں کی حمایت کو مجوزہ معاہدے میں شامل نہیں کیا گیا۔