ایران کو معاہدے سے فائدہ صرف“رویے کی تبدیلی”پر ملے گا۔جے ڈی وینس
ہرمز آبنائے کھلی رکھنے اور جوہری پروگرام روکنے کو معاہدے کی بنیادی شرط قرار
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران اور امریکہ کے درمیان مجوزہ معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اس معاہدے سے فائدہ صرف اسی صورت میں حاصل ہوگا جب وہ اپنا رویہ بنیادی طور پر تبدیل کرے گا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ معاہدہ بہت سادہ ہے: ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا، آبنائے ہرمز کھلی رہنی چاہیے، اور ایران کو بعض فوائد اسی صورت ملیں گے جب وہ مطلوبہ شرائط پوری کرے۔
ان کے مطابق اگر ایران “دہشت گردی کی مالی معاونت” بند کر دے اور اپنے جوہری پروگرام کی بحالی کی کوششیں ترک کر دے تو اسے حقیقی فوائد مل سکتے ہیں، بصورت دیگر اسے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں امریکا کو ہر صورت فائدہ ہوگا، چاہے ایران شرائط مانے یا نہ مانے۔