پی ٹی آئی حکومت سے مذاکرات کےلیے تیار ہے،وزیراعظم کی پیشکش قبول

ہمیں بتایا جائے ان مذاکرات میں دیر کس بات کی ہے، قبیرستر گوہر ،قومی اسمبلی میں اظہار خیال

June 17, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت سے مذاکرات پر آمادہ ہوگئی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم کی پیشکش کو خوش آمدید کہتے ہیں، اور ہمیں بتایا جائے ان مذاکرات میں دیر کس بات کی ہے، جبکہ ہم نے بانی پی ٹی آئی تک رسائی مانگی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج ایوان کی ابتدا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اچھے الفاظ سے نہیں ہوئی، بار بار کہتے ہیں برداشت کا مظاہرہ کریں تو اس سے تناؤ اور نفرتیں کم ہوں گی، اور ایوان کو مضبوط کرنا ہے تو ایک یادداشت پر دستخط کرنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقبال آفریدی کو معطل کرکے کہا گیا نکل جائیں ورنہ نکال دوں گا، جبکہ ان سے درخواست ہے کہ اقبال آفریدی کو اجلاس کے باقی دورانیے کے لیے واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رانا تنویر نے ہم سے معذرت کی جسے قبول کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 13 جون کو تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی تھی۔