چھتیس گڑھ میں بی جے پی رہنما سمیت 4 افراد کو زندہ جلا دیا گیا
واقعے سے قبل بھی دونوں فریقین کے درمیان جھگڑے اور مقدمات درج تھے ، بھارتی میڈیا
فائل فوٹو
نئی دہلی: ریت کے تنازع پر بی جے پی رہنما سمیت 4 افراد کو زندہ جلا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ریت کی کان کنی کا پرانا تنازع شدت اختیار کر گیا جہاں فورچیونر گاڑی میں سوار بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما سمیت 4 افراد کو پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے قبل بھی دونوں فریقین کے درمیان جھگڑے اور مقدمات درج تھے۔ واقعے کے وقت فریقین کے درمیان تصادم ہوا جس کے بعد گاڑی کو آگ لگائی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات پیش آیا، اہلِ خانہ کے مطابق بھارت سنگھ ریت کی کان سے متعلق تنازع کے تصفیے کے لیے گیا تھا تاہم اسے مبینہ طور پر گھات لگا کر زندہ جلا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملے کے دوران بھارت سنگھ کی گاڑی کو آگے اور پیچھے سے ٹرکوں کے ذریعے بلاک کیا گیا جس کے بعد اسے آگ لگا دی گئی، واقعے میں بی جے پی رہنما بھارت سنگھ المعروف للّا سنگھ، وریندر سنگھ اور نگندر سنگھ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ 1 زخمی شخص مایانک سنگھ کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے، مقدمے میں مجموعی طور پر 9 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ تنازع علاقے میں ریت کی کان کنی اور اس کی ترسیل سے جڑا ہوا تھا جس میں 2 گروہوں کے درمیان پرانی دشمنی اور اثر و رسوخ کی کشمکش بتائی جا رہی ہے۔