حزب اللّٰہ کا اسرائیلی ٹینکوں پر حملے کا دعویٰ

جنوبی لبنان میں جھڑپوں کے دوران تین مرکاوا ٹینک تباہ کر دیئے۔ حزب اللہ

June 19, 2026 · بام دنیا

لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان میں ایک پہاڑی کے قریب جھڑپوں کے دوران اسرائیلی ٹینکوں اور فوجی یونٹس پر گھات لگا کر حملہ کیا ہے۔
تنظیم کے مطابق اس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجی دستے کو ایک “کل زون” میں پھنسا کر جنوبی لبنان کے علاقے علی الطاہر کے قریب ہونے والی جھڑپوں کے دوران تین مرکاوا ٹینک تباہ کر دیے۔
بیان میں کہا گیا کہ حزب اللّٰہ نے ایک اسرائیلی بکتر بند اور انفنٹری یونٹ کی شمالی سمت سے دراندازی کو دیکھا اور اسے گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین ٹینک تباہ ہوئے، جس کے بعد شدید راکٹ اور توپ خانے سے حملے کیے گئے۔
حزب اللّٰہ کے مطابق بعد میں ایک اور اسرائیلی یونٹ نے دھوئیں کے پردوں اور فلیئرز کی مدد سے ہلاکتوں کو نکالنے کی کوشش کی، تاہم اسے بھی راکٹ اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں براہ راست نقصان کی تصدیق ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے تاحال حزب اللّٰہ کے ان دعوؤں پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔