نائجر کے ہوئی اڈے پر مسلح افراد کا حملہ۔ 35 افراد ہلاک

ہلاک ہونے والوں میں 22 حملہ آور، 11 فوجی اور دو عام شہری شامل ہیں

June 19, 2026 · بام دنیا

نائجر کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے پر مسلح افراد کے حملے میں 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں اس طرز کا دوسرا حملہ ہے۔

اس سے قبل رواں برس جنوری میں ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ 20 حملہ آور ہلاک ہوئے تھے۔

مقامی افراد نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اپنی صبح کی نماز ابھی ختم ہی کر رہے تھے کہ دارالحکومت نیامی میں واقع دیوری ہامانی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔

نائجر کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 22 حملہ آور، 11 فوجی اور دو عام شہری شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ چار حملہ آور زخمی بھی ہیں جبکہ 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ آر پی جی-7 لانچرز، اے کے-47 رائفلیں، دھماکہ خیز مواد، گرینیڈ، مواصلاتی آلات اور ہزاروں راؤنڈ گولہ بارود سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

جمعرات کی شام القاعدہ سے منسلک جماعت نصرت الاسلام والمسلمین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔