پینٹاگون کی ایران جنگ کے اخراجات کےلیے 80 ارب ڈالر کی درخواست
ایران جنگ امریکی معیشت کو ایک کھرب ڈالر تک نقصان پہنچا سکتی ہے، رپورٹ
امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے ایران کے ساتھ جنگ کے اخراجات اور دیگر غیر دفاعی بلوں کو پورا کرنے کے لیے 80 ارب ڈالر کی اضافی فنڈنگ کی درخواست کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی نائب وزیر دفاع اسٹیفن فائن برگ نے اس ہفتے قانون سازوں کو بتایا کہ ایران کے خلاف جنگ کے اخراجات اور دیگر غیر جنگی ضروریات کے لیے مجموعی طور پر 80 ارب ڈالر درکار ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایک مکمل اضافی بجٹ درخواست آئندہ دنوں میں امریکی قانون سازوں کو بھیجی جا سکتی ہے، جس میں پینٹاگون کے ساتھ ساتھ دیگر غیر دفاعی شعبوں کے لیے بھی فنڈنگ شامل ہوگی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے مجموعی اخراجات ابھی واضح نہیں ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق یہ تنازع امریکی معیشت کو ایک کھرب ڈالر تک کا نقصان پہنچا سکتا ہے۔