پاکستان میں حملے کا افغان دعویٰ جھوٹاقرار۔ڈرون تباہ کردیا،وزارت اطلاعات

بلوچستان اور خیبر پختونخوا صوبوں میں واقع ٹھکانوں کونشانہ بنایا۔ کابل حکام

June 19, 2026 · قومی

افغانستان کی طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ اس کی فورسز نے پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے،تاہم اسلام آباد نے دعویٰ مسترد کر دیا۔

برطانوی خبررساں ادارے نے طالبان کے حوالے سے بتایاکہ حملوں میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ۔- ان مقامات کو افغانستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور تنظیم کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا ۔

طالبان حکومت کی وزارت دفاع نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کے بلوچستان اور خیبر پختونخوا صوبوں میں واقع ٹھکانوں کو بدھ کی رات افغان فضائیہ نے نشانہ بنایا۔ دونوں صوبے افغانستان سے سرحد مشترک رکھتے ہیں۔اس نے یہ واضح نہیں کیا کہ حملہ کس طرح کیا گیا۔

افغان وزارت نے کہاکہ یہ اڈے مبینہ طور پر بعض دشمن انٹیلی جنس حلقوں کے ساتھ مل کر افغانستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور تنظیم کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے اور پہلے بھی کئی مہلک حملوں کے لیے لانچنگ پیڈ کا کام کر چکے تھے۔مزید کہاگیاکہ ابتدائی معلومات کے مطابق آپریشن نے اپنے اہم مقررہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔تاہم ہلاکتوں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

پاکستان نے طالبان کے دعوے کوجھوٹا قرار دیا ہے۔ وزارت اطلاعات نے طالبان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے ایکبنیادی ڈرون پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، جسے فوری طور پر مار گرایا گیا۔

ایکس پوسٹ میں کہاگیاہے کہ دعوے حسب معمول جھوٹے ہیں۔ وزارت اطلاعات کے مطابق ،دہشت گرد کیمپ حقیقت میں افغان طالبان رجیم کے زیرِ کنٹرول علاقوں کے اندرچلائے جا رہے ہیں۔

دریں اثنا،سوشل میڈیاپر ایک وڈیوائرل ہے جس کے مطابق مبینہ طورپر ضلع خیبر کے علاقے برقمبر خیل میں ایک ڈرون گراہوا دکھائی د ے رہاہے۔