اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزی،لبنان پر حملے،2 افراد جاں بحق

یہ جنگ بندی قطر، امریکا اور ایران کی ثالثی سے طے پائی تھی۔

June 20, 2026 · بام دنیا

جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہو گئی ہے، جس میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان مقامی وقت کے مطابق گزشتہ روز شام 4 بجے جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا، تاہم اس کے باوجود کم از کم 12 فضائی حملوں اور شیلنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

جنوبی لبنان میں موٹر سائیکل سوار دو افراد اسرائیلی حملے کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق یہ جنگ بندی قطر، امریکا اور ایران کی ثالثی سے طے پائی تھی۔

خلیجی سفارت کاروں کے مطابق اس معاہدے کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کر کے اسے ایک پائیدار امن معاہدے کی طرف لے جانا تھا، تاہم تازہ حملوں نے اس عمل پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حالیہ حملوں میں مجموعی طور پر درجنوں افراد جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔