امریکا سنجیدگی دکھائے تو معاہدہ آگے بڑھ سکتا ہے،خطیب زادہ
اسرائیل اپنی کارروائیاں مستقل بنیادوں پر روکے اور طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کرے۔
ایران کے نائب وزیرِ خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ معاہدے پر مرحلہ وار آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے واشنگٹن کو اپنی سنجیدگی ثابت کرنا ہوگی۔
الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران سفارت کاری کو ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ سمجھتا ہے، لیکن ضروری ہے کہ امریکا اس بات کو یقینی بنائے کہ اسرائیل اپنی کارروائیاں مستقل بنیادوں پر روکے اور طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کرے۔
سعید خطیب زادہ نے لبنان میں حالیہ اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل جارحیت کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران غزہ سمیت تمام محاذوں پر امن کا خواہاں ہے اور خطے میں جنگ بندی کو آگے بڑھانے کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق بحری آمد و رفت کو جاری رکھے گا، جبکہ عمان کے تعاون سے اس حوالے سے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بھی امریکا کے ساتھ مشاورت جاری رہنے کی تصدیق کی تھی، جبکہ حالیہ حالات کے باعث مجوزہ مذاکرات کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔