وکیل بانی پی ٹی آئی 190ملین پاؤنڈ کیس میں دستخط کیلئےجیل پہنچ گئے

اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق وکالت ناموں کی وصولی کا عمل جاری

June 20, 2026 · قومی

فائل فوٹو

190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے وکالت ناموں پر دستخط کے سلسلے میں وکیل خالد یوسف چوہدری اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق وکیل نے داخلی دروازے پر اپنے کوائف جمع کرائے اور جیل انتظامیہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی کاپی بھی فراہم کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے وکالت نامے لینے آئے ہیں اور عدالت کا حکم جیل حکام تک پہنچا دیا گیا ہے۔

ان کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے وکالت ناموں پر دستخط کا حکم توہین عدالت کی درخواست کی سماعت میں دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکم نامے کے تحت جیل حکام 7 دن کے اندر وکالت ناموں پر دستخط کروا کر دینے کے پابند ہیں۔
خالد یوسف چوہدری کے مطابق وکالت نامے 25 مئی سے جیل حکام کے پاس جمع ہیں اور تاخیر سے میعاد سماعت متاثر ہو رہی ہے۔